Screen Grab
ایمیزون ایم ایکس پلیئر نے ایک نیا تفریحی اور معلوماتی فٹنس سیریز فیمسلی فٹ متعارف کروا دی ہے جس میں بالی ووڈ کے نامور ستارے اپنے ورزش کے معمولات اور طرز زندگی کے بارے میں بات کریں گے۔ فلم فیئر کی رپورٹ کے مطابق اس شو کی میزبانی معروف گلوکارہ اور اداکارہ سوفی چوہدری کر رہی ہیں۔ یہ پروگرام ہر ہفتے ایک نئے سلیبریٹی کے ساتھ فٹنس اور زندگی کے چھپے ہوئے پہلوؤں کو سامنے لائے گا۔
اس چھ اقساط پر مشتمل سیریز فیمسلی فٹ میں ہر ہفتے ایک نئی معروف شخصیت اسکرین پر نظر آئے گی۔ پہلے مرحلے میں مقبول اداکارہ کریتی سینن اپنے فٹنس راز بتائیں گی جبکہ ان کے بعد ملائکہ اروڑہ اور سونم باجوہ بھی شو کا حصہ بنیں گی۔ غزل الگ بھی اس لائن اپ میں شامل ہیں جو اپنی کامیابی اور تندرستی کے سفر پر روشنی ڈالیں گی۔
اس پروگرام کا مقصد مشہور شخصیات کے ریڈ کارپٹ امیج سے ہٹ کر ان کی حقیقی زندگی کی محنت کو دکھانا ہے۔ ناظرین کو یوگا، ویٹ ٹریننگ اور فنکشنل فٹنس کے جدید طریقوں کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔ فیمسلی فٹ میں ورزش کے ساتھ ساتھ اداکاروں کی پسندیدہ خوراک اور فٹنس کے حوالے سے غلط فہمیوں کو بھی دور کیا جائے گا۔
شو کی میزبان سوفی چوہدری کا کہنا ہے کہ فٹنس ہمیشہ سے ان کی زندگی کا ایک لازمی حصہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیمسلی فٹ صرف ورزش کے بارے میں نہیں بلکہ ان ستاروں کے نظم و ضبط اور ذہنی قوت کو سمجھنے کے بارے میں ہے۔ سوفی کے مطابق یہ شو مداحوں کے لیے انتہائی دلچسپ اور سبق آموز ثابت ہوگا۔
فیمسلی فٹ ایمیزون ایم ایکس پلیئر پر مفت دستیاب ہوگا جس کی پہلی قسط جاری کر دی گئی ہے۔ اس شو کی تیاری میں اوزائیو، ایتھر اور امریکن پستہ جیسے بڑے برانڈز نے تعاون کیا ہے۔ ناظرین ہر ہفتے نئی اقساط کے ذریعے اپنے پسندیدہ ستاروں کے فٹنس سفر سے آگاہی حاصل کر سکیں گے۔