کیا ووٹنگ مشینیں نتائج بدل سکتی ہیں؟ مسلم لیگ ن کے رہنما کے بڑے دعوے

ہم نیوز کے ایک پروگرام میں میزبان منصور علی خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اختیار ولی خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (EVM) کے حوالے سے ایک حیران کن اور تہلکہ خیز دعویٰ کر دیا۔

اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ، "عمران خان جو الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM) لے کر آ رہے تھے، اگر اس کو استعمال کرتے ہوئے الیکشن ہو جاتا تو آپ شیر یا تیر پر مہر لگا بھی دیتے، لیکن آپ کا ووٹ سیدھا ‘بلے’ کو چلا جانا تھا۔”

انہوں نے پورے اعتماد کے ساتھ مزید دعویٰ کیا کہ یہ ریسرچ انہوں نے خود کی ہے۔

ان کے اس ہوشربا انکشاف پر پروگرام کے میزبان منصور علی خان بھی دنگ رہ گئے اور حیرت سے پوچھا کہ "آپ کو یہ کس نے بتایا؟” اس پر اختیار ولی نے جواب دیا کہ "میں نے شبلی فراز سے ای وی ایم مشین مانگی تھی لیکن انہوں نے ہاتھ جوڑ کر انکار کر دیا۔ یہ تو اللہ کا کرم ہوا کہ ان کو ای وی ایم مشین استعمال کرنے کا موقع نہیں ملا۔”

اس پر میزبان منصور علی خان نے دلچسپ سوال کیا کہ، "اگر ان کی مشین خراب تھی تو آپ اپنی مشین لے آئیں؟”

اختیار ولی نے جواباً کہا کہ "ہماری مشین عوام ہیں، ہماری مشین ڈیلیورنس (کارکردگی) ہے۔ ہمیں دھاندلی کی ضرورت نہیں۔”

منصور علی خان نے فوراً وضاحت کی کہ "میں نے یہ نہیں کہا کہ آپ دھاندلی کریں، میں نے کہا آپ اپنی مشین لے آئیں۔” جس پر ن لیگی رہنما نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ یہاں بیٹھ کر نہیں ہوگا۔ منصور علی خان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ "آپ باقی سارے فیصلے تو یہیں کرتے ہیں۔”

پروگرام کے دوران گرما گرم بحث جاری رہی اور اختیار ولی نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے ایک اور جملہ کسا، "آپ ای وی ایم لا کر شفافیت پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا رہے تھے۔”

اس پر میزبان منصور علی خان نے موجودہ مہنگائی پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "اب تو آگ لگانے کے لیے پٹرول بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہو گیا ہے۔”

ایک تبصرہ چھوڑ دو